ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کیا بھٹکل اُترکوپا میں خاتون کے قتل کا معمہ حل ہوگیا ؟ پولس نے خاتون کے جیٹھ اورجیٹھانی کو کیا گرفتار

کیا بھٹکل اُترکوپا میں خاتون کے قتل کا معمہ حل ہوگیا ؟ پولس نے خاتون کے جیٹھ اورجیٹھانی کو کیا گرفتار

Wed, 10 Mar 2021 23:10:53    S.O. News Service

بھٹکل 10  مارچ (ایس او نیوز) مرڈیشور پولس تھانہ حدود کے اُترکوپا میں ایک خاتون کے قتل کا معمہ لگتا ہے پولس نے حل کرلیا ہے کیونکہ پولس نے خاتون کے قتل کے الزام میں اُسی کے جیٹھ اورجیٹھانی کو گرفتار کرلیا ہے۔

یاد رہے کہ 23 جنوری کی شب تعلقہ کے اُترکوپا میں لکشمی کرشنا نائک (50) کا قتل ہوگیا تھا، اس کی نعش گھر کے باتھ روم میں پائی گئی تھی اورسر پر گہرا زخم دیکھا گیا تھا۔

پولس ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق آج بدھ کو اس قتل کے الزام میں پولس نے مادیو ناگپا نائک (58) اور اس کی اہلیہ ماستما مادیو نائک (49) کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولس کا کہنا ہے کہ ابتدائی چھان بین سے پتہ چلا ہے کہ  زمین کے جھگڑے کو لےکران دونوں نے مل کر ہی لکشمی نامی خاتون کا قتل کیا تھا۔

یاد رہے کہ 23 جنوری کو لکشمی اپنے گھر پر اکیلی تھی اوراس کے دو بیٹے شام قریب 6:45 بجے سوڈی گیدے جاترا کے لئے بائک پر نکلے تھے۔ لکشمی کا تیسرا بیٹا جو شرالی کی ایک لیباریٹری میں کام کرتا ہے، رات تقریبا نو بجے گھر پہنچا تو اس کی ماں کی نعش خون میں لت پت حالت میں باتھ روم میں پڑی ہوئی تھی۔

پولس ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ  23 جنوری کی شام کو اس کی جیٹھانی ماستما نائک، مہلوک لکشمی کے گھرگئی تھی، جس کا ثبوت پولس کو ملا ہے، جس کے بعد پولس نے جیٹھ اور جیٹھانی دونوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ مہلوک لکشمی کے قتل میں  اور کون کون لوگ شامل  ہیں، اس بات کا پتہ لگایا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ جنگل کے درمیان واقع سنسان گھر میں ہوئے اس قتل کے معمہ کو حل کرنا پولس کے لئے دردسر بن گیا تھا، علاقہ میں موبائل نٹ ورک نہ ہونے سے پولس مزید الجھن میں پڑ گئی تھی، مگر پتہ چلا ہے کہ اب  قتل کو لے کر کئی اہم سراغ پولس کے ہاتھ لگے ہیں اور پولس ذرائع کی مانیں توگرفتار شدہ ماستما نائک نے اس قتل کی بات کوقبول بھی کرلیا ہے۔


Share: